اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان 4 روزہ اہم دورے پر (آج) جمعرات کی شام چین روانہ ہوں گے ٗاپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کرینگے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا چینی نائب وزیرِ خارجہ استقبال کریں گے، وزیراعظم (آج) جمعرات کی شام 4 بجے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ بینک کے صدر سے بھی ملیں گے۔
وزیراعظم ہفتہ 3 نومبر کو تیانمن سکوائر میں چینی ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی باضابطہ استقبالہ تقریب بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہو گی ٗگریٹ ہال پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال چینی ہم منصب کریں گے۔ گریٹ ہال پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔گریٹ ہال میں دونوں رہنماؤں کے پہلے الگ اور پھر وفود کے ہمراہ مذاکرات ہونگے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں چینی ہم منصب ضیافت دیں گے۔وزیراعظم عمران خان چین کی بڑی اور اہم کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے ٗاس کے علاوہ اتوار کو چین کے سینٹرل پارٹی سکول سے خطاب کریں گے۔عمران خان اتوار 4 نومبر کو بیجنگ سے شنگھائی روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے ٗایکسپو شرکا کے اعزاز میں چینی صدر کی ضیافت میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم پیر 5 نومبر کو شنگھائی میں ہی ویتنام کے وزیراعظم سے ملاقات کرینگے اور بعد ازاں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو سے خطاب بھی کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کی شنگھائی میں چینی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں ٗاس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات بھی شیڈول ہے، اس کے بعد وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کی شام شنگھائی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔