واشنگٹن (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جماعت الدعوۃاور اس کی ذیلی تنظیم فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ان دونوں تنظیموں پر پابندی کا خاتمہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ساتھ تعاون کرنے کے
پاکستان کے اعلان سے متصادم ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو اس اقدام پر سخت تشویش ہے جو ان کے بقول اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 1267 کے خلاف ہے۔ترجمان کے بقول عالمی ادارے کی یہ قرارداد ان دہشت گرد گروہوں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر مالی وسائل اکٹھے کرنے یا انہیں منتقل کرنے پر پابندی سے متعلق ہے جنہیں اقوامِ متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہو۔