اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس ضرور ہو گی اور اے پی سی کا ایجنڈا صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف طے کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 6 مہینے تو پی ٹی آئی حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں، حکومتی کارکردگی ایسی نہیں کہ قوم اس کو مزید برداشت کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس حکومت کو چلنے نہ دے۔مولانا فضل الرحمان
نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت 3 مہینے کے اندر ہی ختم ہو جائے گی۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی آج پہلی تقریر تھی ٗان کا انداز مثبت تھا۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اے پی سی ضرور ہو گی اور اس کا ایجنڈا مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف طے کریں گے۔