لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے 100 روزہ ایجنڈے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے اہداف کے حصول کیلئے دن رات ایک کر دیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا 100 روزہ ایجنڈا خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا ایجنڈا ہے اور 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کے حوالے سے صوبہ پنجاب لیڈ لے گا۔ انہوں نے
کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کیلئے صوبائی سطح پر بھی ایگزیکٹو کونسل قائم کر دی گئی ہے۔میں 100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لے رہا ہوں۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ایجنڈے میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وزیراعظم عمران خان کے 100 روزہ ایجنڈے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مقررہ مدت کے اندر پیش رفت یقینی بنائی جائے۔