اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دریائے راوی ایسا دریا جہاں کئی لوگ ڈوب کر جان کی بازی ہار چکے ہیں مگر یہاں ایک ایسا شخص بھی ہے جو 47سال سے دریائے راوی میں ڈوبنے والوں کو بچاتا رہا، اس شخص کا نام اللہ دتہ ہے۔ اللہ دتہ کے مطابق اس نے اب تک دریائے راوی سے دو ہزار سے زائد لاشیں نکالیں اور 800افراد کو بچایا ہے۔ اللہ دتہ یہاں لوگوں کی جان بچانے کیلئے
محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے غوطہ خور کے طور پر تعینات ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں اللہ دتہ نے بتایا کہ اس دریا میں تیرتے ہوئے بھی لوگ ڈوبتے ہیں اور خودکشی کرنے والے لوگ بھی آتے ہیں، یہاں نہانے کیلئے آنیوالے لوگ ڈوب جاتے ہیں کیونکہ انہیں دریا کی گہرائی کا اندازہ نہیں ہوتا۔ اللہ دتہ نے بتایا کہ جو لوگ بچ جاتے ہیں ان کے فون نمبر اور گھر کا پتہ ہم لے لیتے ہیں اور جو لوگ بچ نہیں پاتے ان کی لاش نکالنے کے بعد ہم اس کی تصویرلے لیتے ہیں۔ وہ میں اپنے پاس رکھ لیتا ہوں اور میرے پاس ایک سال کا ریکارڈ ہوتا ہے۔جو لوگ یہاں نہانے لے لیے آتے ہیں انھیں میں وہی تصویریں دکھاتا ہوں کہ پانی میں ڈوب کر مرنے والے کا یہ حال ہوتا ہے جس وجہ سے پھر وہ نہانے سے باز آ جاتے ہیں اس لیے میری جیب میں ہمیشہ تصویریں موجود ہوتی ہیں۔بہت سارے واقعات ہوتے ہیں جو اکثر مجھے یاد بھی نہیں رہتے۔ مگر کچھ ذہن میں رہ جاتے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے ایک لڑکی آئی تھی۔ پل کے اوپر اور نیچے دیکھتی رہی اور پھر رکشے میں بیٹھ کر چلی گئی۔ پھر رات کو اس نے دوبارہ آ کر چھلانگ مار دی تھی۔ اگلی صبح تھوڑی دور ہی اس کی لاش پڑی تھی۔کئی مرتبہ ایسے بھی ہوا ہے کہ لوگ ہاتھا پائی پر اتر آتے ہیں کہ،میری جان کیوں بچائی، مجھے مرنےدو لیکن میں انھیں مرنے نہیں دیتا۔ جب تک میری زندگی ہے، میں یہی کام کروں گا۔