اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی سے آئی جی اسلام آباد جان محمدکی دو بار ٹیلیفونک گفتگو ہونے کے باوجود انہیں عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنز کو سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے اور ان کے سیکیورٹی گارڈز سے ہونے والے لڑائی جھگڑے کی صورتحال کو خود دیکھنے اور مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی، جس روز مقدمہ درج کیا گیا اسی روز آئی جی کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد
جان محمد کی طرف سےوفاقی وزیراعظم اعظم سواتی کا ٹیلیفون نہ سننے کی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں،جان محمد سے وفاقی وزیر کا دو مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ ہواتھا اور وفاقی وزیر کی شکایت پر آئی جی نے ایس ایس پی آپریشنز کو ہدایت کی تھی کہ وہ موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور میرٹ پر قانون کے مطابق کاروائی کریں۔جان محمد نے 26اکتوبر کی شام ملائیشیاء روانہ ہونا تھا تاہم حکومت نے 26اکتوبر کو جان محمد کو آئی جی اسلام آباد کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔