اسلام آباد( آن لائن ) امریکہ میں قید عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی بہن کی رہائی کے لیے پارلیمنٹ پہنچ گئی ہیں۔ عافیہ صدیقی کی بہن کی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی موجود تھے۔
پارلیمنٹ میں ہونے والی ملاقات میں فوزیہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے آواز اٹھائی جائے۔خواجہ آصف نے فوزیہ صدیقی کو معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی۔اس موقع پر فوزیہ صدیقی نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے پہلے 100دن میں عافیہ صدیقی کی رہائی کا وعدہ کیا تھا۔ِخیال رہے پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کووطن واپس لانے کا اعلا ن کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدارملا توڈاکٹرعافیہ صدیقی کووطن واپس لاؤں گا۔ عافیہ صدیقی اور دیگر پاکستانی قیدیوں کی واپسی منشور میں شامل ہے۔جب کہ دوسری جانب حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ کا دورہ کیا تھا۔ وزیر خارجہ نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مذاکرات کیے جانے کی تصدیق کردی، شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ دورہ امریکا کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ایشو پر بھی بات کی گئی ہے۔تاہم حکومت عافیہ صدیقی کو واپس لانے میں تا حال کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج عافیہ صدیقی کی بہن نے نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کر کے اپنی بہن کی رہائی کامطالبہ کیااور کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے مطالبے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے۔