اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کے سکردو میں ناشتے کے بل کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے، صدر مملکت عارف علوی نے ناشتے کے بل کی رسیدیں دکھا دیں جو انہوں نے اپنی ذاتی جیب سے ادا کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی نے سکردو کا دورہ کیا، ایک اخبار نے ان کے دورے کے حوالے سے لکھا کہ سکردو انتظامیہ کو صدر مملکت عارف علوی کا تفریحی دورہ اور ناشتہ پچاس لاکھ میں پڑا ہے۔ اس کے علاوہ اخبار نے اپنی رپورٹ میں
لکھا کہ لگژری گاڑیوں کا ایک سمندر آیا اور اس موقع پر شنگریلا کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ رپورٹ میں لکھا گیا کہ صدر عارف علوی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شنگریلا آئے جہاں انہوں نے ناشتہ کیا۔ اس خبر کے سامنے آنے پر صدر مملکت کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن صدر عارف علوی نے وضاحت کرتے ہوئے بل کی رسیدیں دکھا دیں جو کہ 51 ہزار 500 کی تھیں نہ کہ پچاس لاکھ کی، اس کے علاوہ صدر عارف علوی کے مطابق انہوں نے یہ بل ذاتی جیب سے ادا کیا۔