اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو فوج یا اداروں کی تضحیک نہیں کرنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے چور اور ڈاکوؤں کوپکڑنے کی بات کی ہے، چور اور ڈاکوؤں کی بات کرنے پر اپوزیشن گھبرا کیوں جاتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو نیب نے پکڑا ہے، میاں نوازشریف کے دور حکومت میں شہبازشریف پر مقدمہ بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کا ہر صورت احتساب ہوگا، ہمیں لوٹی ہوئی رقم بھی واپس لانی ہے اور ادارے بھی ٹھیک کرنے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ منی لانڈرنگ ہو رہی ہے، ہم نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، انہوں نے کہا کہ چوری کیا گیا پیسہ واپس لانا ہے اور اداروں میں اصلاحات کریں گے، ہمیں انتقامی کارروائی کا سبق نہ پڑھائیں، ہم انتقام پر کارروائی نہیں کریں گے، فواد چودھری نے کہا کہ آپ روئیں یا پیٹیں مگر احتساب کا عمل نہیں رکے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اچھے موسم آنے والے ہیں، آپ کو کنٹینر چاہیے تو ہمارا کنٹینر فارغ ہے لیکن اس کے لیے عوام کا ساتھ چاہیے ہوتا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انقلابی پارٹی تھی ہے اور رہے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، وزیراعظم عمران خان چیئرمین نیب سمیت تمام لوگوں سے ملاقات کریں گے مگر وہ نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کا نیب پر کنٹرول ہوتا تو یہ لوگ پارلیمنٹ میں تقریر نہ کر رہے ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن ہمیں کہتی ہے کہ تحریک انصاف کنٹینرسے نہیں اتر رہی مگر ہم کنٹینر سے اتریں گے بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے اندر لکھا ہوا ہے کہ آپ فوج یا ادارے کی تضحیک نہیں کریں گے، یہ رویہ ناقابل قبول ہے، ہم اس طرح نہیں کرنے دیں گے۔