اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ نورالحق قادری نے کہاہے کہ چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے ۔پاکستان چین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ سی پیک دو حکومتوں نہیں بلکہ دو قوموں کے درمیان بہتر تعلقات کا معاہدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر جناب یاؤ جِنگ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں چینی سفیر اور نے وفاقی وزیر مذہبی امور کے مابین اقتصادی راہداری معاہدے معاہدہ، فاٹا ریجن میں سماجی ترقی ، افغان مہاجرین اور دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی ہم آہنگی میں تعاون اور فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سی پیک کی تعمیر اور جلد تکمیل پر دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے پاکستان ہر صورت چین کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا موقف ہے جو چین کا دشمن ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے سی پیک منصوبے میں فاٹا کے علاقے کو خاص اہمیت دی جائے فاٹا کے عوام بھی چائنا کی طرف دیکھ رہے ہیں علاقے کی سماجی ترقی کے حوالے سے سب سے پہلے خواتین کی تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی پر مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں ترقی اور مؤثر رابطے کیلئے ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر پڑھے لکھے لوگوں کا گروپ مقرر کیا جائے گا ۔فاٹا میں کام سے افغانستان میں امن کیلئے مزید راہ ہموار ہو گی افغانستان کے ساتھ تعلقات میں کافی بہتری آئی ہے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین بہتر مذہبی ہم آہنگی کیلئے علماء کرام کا تبادلہ خیال ضروری ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ چین میں 2 کروڑ مسلمان بستے ہیں جنہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ترین ملک ہے ہم پاک چائینہ تعلقات کو اسلامی سطح پر مزید استوار کرنا چاہتے ہیں اور ان تعلقات میں اپنی مسلم کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
ہم چین میں مسلمانوں کے تعلیمی نصاب پر ملکر کام کرینگے۔ چینی سفیر نے کہاکہ چین پاکستان کے تعاون سے فاٹا ریجن اور افغان مہاجرین کی سماجی ترقی کا خواہشمند ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر افغان مہاجرین کی بہتری کیلئے کام کرینگے انہوں نے کہاکہ چین پاکستانی عوام خصوصا فاٹا کے علاقوں کی سماجی ترقی کا خواہشمند ہے اورفاٹا میں 50 سکول کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔فاٹا میں کام کرنے کیلئے وزیر مذہبی امور کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہو گی۔