کراچی (این این آئی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد تیزی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100 انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس527پوائنٹس کی ریکوری سے41049پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ68.15 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 7ارب 94کروڑ17لاکھ روپے سے زائدکااضافہ ہوا۔
اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی قدرے بہتر رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اورابتدائی اوقات میں حصص کی فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 40500اور40400کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئے 40339پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص کمپنیوں کے شیئرز مندی کے سبب سستے ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کی خریداری شروع کی گئی جس سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگئی۔ٹریڈنگ کے دوران تیزی کے نتیجے میں انڈیکس 41ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی اور ایک موقع پر انڈیکس 41150پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا لیکن بعد میں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے تحت مزکورہ سطح بحال نہ وہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 527.87پوائنٹس کے اضافے سے41049.91پوائنٹس پربندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 278.77پوائنٹس اضافے سے20135.86پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس 1084.71پوائنٹس اضافے سے69730.94پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئر انڈیکس 383.66پوائنٹس اضافے سے30038.29پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر380کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 259کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا
جب کہ اس کے مقابلے میں99کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ بیشترکمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 7ارب 94کروڑ17لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت83کھرب87ارب2کروڑ98لاکھ روپے سے بڑھ کر84کھرب94ارب97کروڑ15لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم14کروڑ89لاکھ92ہزار شیئرز رہا جو بدھ کے 13کروڑ69لاکھ79ہزار شیئرزکے مقابلے میں ایک کروڑ20لاکھ 12ہزار شیئرز زائد ہے ۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے لحاظ سے کولگیٹ پامولو کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت98روپے اضافے سے 2598روپے اورپاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت84.61روپے اضافے سے2360روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی انڈس موٹر کمپنی کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت12.36روپے کمی سے1456.84روپے اورصنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت11.58روپے کمی سے958.42روپے پربند ہوئی۔گزشتہ روز میپل لیف کی سرگرمیاں2 کروڑ19لاکھ 32ہزارر شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جب کہ دیگر کمپنیوں میںیونٹی فوڈز، کے الیکٹرک ،، ڈیسکون آکسی چیم،ٹی آر جی پاکستان ،اینگرو پولیمر، بینک آف پنجاب ، موٹکو فوڈز،فوجی سیمنٹ اور ڈی جی خان سیمنٹ کے حصص کا نمایاں کاروبار ہوا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آج ( جمعہ ) کاروباری ہفتے کے آخری روز محدود پیمانے پر اتار چڑھاوٗ کا رجحان متوقع ہے ۔