اسلام آباد(آ ئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے شیخ رشید کے بھانجے شیخ راشد شفیق کو این اے 60کے ضمنی الیکشن کیلئے ٹکٹ جاری کر دیا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے اندر مخالفت کو یکسر نظر انداز کر دیا۔ جمعرات کو تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جس نے الیکشن مہم میں میرٹ کی بالادستی اور موروثی سیاست کو ختم کرنے کا نعرہ لگایا تھا اب خود موروثی سیاست کو فروغ دینے لگی۔ پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے
حلقہ این اے60 کے ضمنی انتخابات کیلئے شیخ رشید کے بھانجے شیخ راشد شفیق کو ٹکٹ جاری کر دیا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے اندر بھی شیخ رشید کے بھانجے کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حوالے سے شدید مخالفت کا سامنا تھا اور حلقے کے رہنمائوں کا مطالبہ تھا کہ پارٹی رہنمائوں میں سے کسی کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا جائے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفڈرین کوٹہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این سے60میں الیکشن ملتوی کر دیئے گئے تھے۔