کراچی (نیوز ڈیسک)شہری کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کی معطلی کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں ۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ عمران علی شاہ کا معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے،کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک عمران شاہ معطل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انضباطی کمیٹی کو ایک ماہ میں عمران شاہ کے شہری کو تھپڑ مارنے کے معاملے کی تحقیقات مکمل کرنی ہے۔رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے بھی عمران علی شاہ کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی سنجیدگی دیکھتے ہوئے رکنیت ایک ماہ کے لئے معطل کی ہے، فیصلہ ڈسپلنری کمیٹی معاملات کرے گی۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما اور ترجمان فواد چوہدری نے عمران شاہ کے شہری کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے کہا کہ معاملہ پی ٹی آئی سندھ کے حوالے کر دیا ہے، وہ اسے دیکھے گی، پی ٹی آئی سندھ انکوائری کے بعد ایکشن لے گی۔ تاہم پی ٹی آئی کے ترجمان نے عمران علی شاہ کی معطلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران شاہ سے ڈسپلنری کمیٹی نے ایک دن میں جواب طلب کیا ہے۔ڈاکٹر عمران شاہ کو جواب جمع کروانے کے لئے مزید 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔ابھی ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے کہاہے کہ پارٹی نے عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت ایک ماہ کیلئے معطل کر دی ہے ۔ ڈسپلنری کمیٹی معاملات کو دیکھ رہی ہے اور شہری کو پیٹنے کے معاملے پر فیصلہ بھی کمیٹی کرے گی ۔ دریں اثنا پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی کے
رکن عمران علی شاہ کی دہری شہریت نکلی ۔ایک قومی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق عمران علی شاہ کی دہری شہریت برطانیہ کی ہے۔ ان کے برطانوی پاسپورٹ کا نمبر 099223381 ہے، جس پر ان کی تاریخ پیدائش 18نومبر 1973ء درج ہے۔ یہ پاسپورٹ 28؍اکتوبر 2010ء کو جاری کیا گیا جس کی مدت دس برس کیلئے ہے جبکہ ایف آئی اے نے جو معلومات الیکشن کمیشن کو فراہم کی ہیں۔ اسکے مطابق انکا شناختی کارڈ نمبر 7-18364827-42101 ہے۔