اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن)نومنتخب وزیر اعظم کے حلف لینے کے بعد پاکستان کے نئے وزیراعظم کی 6 ہزار تصاویرملک اور بیرون ملک میں قائم سرکاری دفاتر اور وہاں موجود سفارت خانوں میں نصب کی جائیں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزارت اطلاعات ونشریات نے نومنتخب وزیر اعظم کے انتخاب کے بعدوزیراعظم کی 6 ہزار تصاویر تیار کرکے وفاق، چاروں صوبوں،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور بیرون ممالک میں موجود پاکستان کے سفارتخانوں کوارسال کرنے کا پلان تیار کر لیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 2 ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 ہزار تصاویر تیارکی جائیں گی۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ میں پارلیمانی پارٹی کااجلاس کل طلب کر لیا ہے پارٹی اجلاس پارٹی چئیر مین عمران خان کی زیرصدارت کل دن 2بجے بنی گالہ میں ہو گا ۔ تما م پارٹی ارکان کو ہدایت کی گئی ہے وہ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں ۔اجلاس میں عمران خان حکومت سازی پرارکان قومی اسمبلی کواعتمادمیں لیں گے ۔