اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان اور چوہدری نثار کے مابین بیک چینل رابطوں کا انکشاف، عمران خان چوہدری نثار کو ضمنی انتخاب لڑوا کر قومی اسمبلی میں لانے کے خواہشمند، دونوں رہنمائوں میں معاملات طے پا گئے، عمران خان نے سابق وزیراعظم کو گرین سگنل دیدیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان اور چوہدری نثار کے مابین بیک چینل رابطوں کا انکشاف سامنے آیا ہے
اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ن لیگ سے منحرف سابق وزیر داخلہ کو ضمنی الیکشن لڑوا کر قومی اسمبلی میں لانے کے خواہشمند ہیںاور اس حوالے سے رابطوں میں دونوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور عمران خان نے چوہدری نثار کو مثبت جواب دیا ہے جبکہ دوسری جانب چوہدری نثار سے مسلم لیگ ن بھی رابطہ کر چکی ہے اور پنجاب اسمبلی میں حمایت کی درخواست کی ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ چوہدری نثار نے انہیں حمایت کا یقین دلادیا ہے تاہم چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے اس کی تردید کر دی گئی ہے۔ چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ نے کسی بھی جماعت کو کسی بھی حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی۔ واضح رہے کہ چوہدری نثار نے عام انتخابات میں دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست سے انتخاب میں حصہ لیا تھا اور قومی اسمبلی کی دونوں سیٹوں پر انہیں تحریک انصاف کے غلام سرور خان نے شکست دی جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر وہ کامیاب رہے۔ چوہدری نثار نے ابھی تک اپنے پتے شو نہیں کرائے اور دیکھنا یہ ہے کہ چوہدری نثار پنجاب اسمبلی میں کس جماعت کی حمایت کرتے ہیں آیا وہ تحریک انصاف کی حمایت کرتے ہیں تو انہیں قومی اسمبلی کی نشست کے حوالے سے تحریک انصاف یقین دہانی کروا سکتی ہےیا وہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھا کر اپنی سابقہ پارٹی کی حمایت کرینگے۔