اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف ایسی تبدیلی لائی کہ سب ہی حیران رہ گئے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے عام انتخابات کے بعد بیرونی سرمایہ کاروں کی یورو بانڈز میں دلچسپی میں اضافہ ہو گیا ہے، رپورٹ کے مطابق حکومت زرمبادلہ کے گرتے ہوئے ذخائر کو سہارا دینے کی خاطر 2 ارب ڈالر کے یورو بانڈز فروخت کر سکتی ہے۔ پاکستانی یورو بانڈ میں عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں مسلسل اضافے کا
رجحان بڑھ رہا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی ہے اس وجہ سے یورو بانڈز کی قدر میں 1 سے 2 فیصد تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یورو بانڈ کی بڑھتی قدر کو دیکھتے ہوئے معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ آنے والے دنوں میں 2 ارب ڈالرز کے بانڈز فروخت کر سکتی ہے، معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بانڈز کی فروخت سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی روپیہ بھی مضبوط ہوگا۔