اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی ممکنہ حکومت آنے کی خبر ڈالر پر بھاری پڑ گئی ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 1.5 روپے سستا ہو کر 125 روپے کی سطح پر آ گیا ہے، ایک ہفتے کے دران ڈالر 6 روپے 50 پیسے سستا ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیرونی کرنسی کے ڈیلرز کہتے ہیں کہ عوام ڈالر کی خریداری کی بجائے فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے ڈالر کی قدر تیزی سے کم ہو رہی ہے، اوپن مارکیٹ اونچی پرواز کرنے والے ڈالر کے پر
کٹ گئے۔ ڈالر کی قدر ایک ہفتے کے دوران 6 روپے 50 پیسے کم ہو کر 125 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ اس حوالے سے فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ملک میں پر امن ماحول میں ہونے والے انتخابات اور تحریک انصاف کی ممکنہ حکومت آنے سے کاروباری افراد کا اعتماد بحال ہوا جبکہ ڈالر سٹاک کرنے والے افراد اس کی فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ سے اب تک اوپن مارکیٹ میں 4 ملین ڈالر فروخت ہو چکے ہیں جس سے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی واقع ہوگی۔