پشاور (آن لائن) خیبرپختونخواہ کے دو حلقوں میں الیکشن کالعدم قرار دئیے جانے اور دوبارہ ووٹنگ کروائے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر خواتین کے کم ووٹوں کی وجہ سے دوبارہ ووٹنگ کروائے جانے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ این اے 10 شانگلہ اور این اے 48 شمالی وزیر ستان میں خواتین کے کم ووٹ ڈالے جانے کی وجہ سے دونوں حلقوں میں الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ ووٹنگ کروائے جانے کا امکان ہے۔
دونوں حلقوں میں خواتین کے ووٹوں کی شرح 10 فیصد سے بھی کم تھی، اس لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ہی اب فیصلہ کیا جائیگا کہ کہیں ان علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے زبردستی روکا تو نہیں گیا۔الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کسی پولنگ اسٹیشن یا زیادہ پولنگ اسٹینشنز یا پورے حلقے میں دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔