کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قیادت میں رابطے ، حکومت سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، باقاعدہ نشست ایک دو روز میں کوئٹہ میں رکھی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کی شب بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئر مین عبدالخالق ہزارہ کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں تینوں جماعتوں کے قائدین نے حالیہ انتخابات ، جنرل نشستوں پر آنے والے نتائج اور حکومت سازی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
اصغرخان اچکزئی نے بی این پی کے قائد کو حالیہ انتخابات میں ملنے والی کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ سردار اختر مینگل نے اصغرخان اچکزئی کو مبارکباد دی دونوں جماعتوں کے قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے نہ صرف تینوں جماعتیں مل کر لائحہ عمل اپنائیں گی بلکہ اس سلسلے میں دیگر ہم خیال جماعتوں اور آزاد اراکین سے بھی روابط کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں ایک روز میں کوئٹہ میں باقاعدہ نشست رکھی جائے گی جس میں حکومت سازی سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے اور دیگر جماعتوں و آزاد اراکین سے بھی رابطے کئے جائیں گے ۔