اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 131میں خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی جیت کو چیلنج کیا ہی تھا کہ این اے 73سیالکوٹ سے بھی کچھ ایسی ہی خبر ن لیگ کی منتظر ٹھہری، تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے ن لیگ کے خواجہ آصف کی جیت کے نتائج کو چیلنج کر تے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 73سیالکوٹ میں تحریک انصاف
کے ہارنے والے امیدوار عثمان ڈار نے ن لیگ کے جیتنے والے خواجہ آصف کی جیت کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کر دی ہے۔ واضح رہے کہ غیر حتمی غیر سرکار نتائج کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو خواجہ آصف کے مقابلے میں برتری حاصل تھی۔اور عثمان ڈار حلقہ این اے 73 سے 113453 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے جب کہ جب کہ ن لیگ کے امیدوار خواجہ آصف 112717 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔تاہم اس کے بعد خواجہ آصف نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے کہا اور ووٹوں کی گنتی کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا جس کے بعد ن لیگ کے امیدوار خواجہ آصف جیت گئے اور پی ٹی آئی کے امیدوار عثمان ڈار ہار گئے۔نئے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق خواجہ آصف نے 115067 ووٹ لیے جب کہ عثمان ڈار 113774 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جب کہ اس سے پہلے عثمان ڈار کو خواجہ آصف کے مقابلے میں 700ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔واضح رہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے این اے 131لاہور سے ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے بھی درخواست دائرکر دی ہے ۔ ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کے عمران خان تھے جنہوں نے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو شکست دیکر فتح سمیٹی تھی۔ عمران خان نے ملک بھر کے 5مختلف حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق وہ پانچوں حلقوں سے کامیاب قرار پا چکے ہیں۔