لاہور(آئی این پی )پنجاب میں عام انتخابات2018 کے دوران ٹرن آؤٹ 53فیصد رہا جو کہ 2013کے انتخابات سے بھی 2فیصد کم تھا، وجہ الیکشن کے عملے کا مکمل تربیت یافتہ نہ ہونا بتایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں 2018کے عام انتخابات میں توقع کے برعکس ووٹرز کا ٹرن آ?ٹ بڑھنے کی بجائے کم ہوگیا، وہاں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ53فیصد رہا جو کہ 2013کے انتخابات میں 55فیصد تھا۔ اس کی وجہ الیکشن کمیشن کے عملے کا مکمل تربیت یافتہ نہ ہونا بتایا گیا۔
ووٹ ڈالنے کا عمل سست رہا اور اوسطاً عملے کی جانب سے ایک ووٹر کو کلیئر کرنے میں 3سے4منٹ لگائے گئے جس سے وقت کا ضیاع ہوا۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے شکایات بھی کیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ وقت کی کمی کے باعث10فیصد لوگ پولنگ سٹیشنوں پر پہنچنے کے باوجود ووٹ پول کرنے سے محروم رہے جبکہ آخری وقت تک ووٹرز کی لائنیں لگی رہیں اور لوگوں کو لائنوں سے بھی نکال کر دروازے بند کردیے۔