بہاولنگر(آئی این پی)پیپلزپارٹی نے بہاولنگر میں عام انتخابات میں حلقہ این اے 169پر مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اور امیدوار اعجاز الحق کی حمایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 169میں امیدوار اعجاز الحق بھرپور انداز میں اپنا الیکشن لڑ رہے ہیں تاہم ان کیلئے یہ بات بڑی فائدہ مند ثابت ہوگئی کہ ان کے
سخت مدمقابل اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ان کے حق میں دستبرار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر قیادت نے اس حلقے سے اعجاز الحق کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی سطح پر پیپلزپارٹی سابق صدر جنرل (ر) ضیاء الحق اور ان کی پارٹی کے سخت خلاف ہے اور ہر موقع پر اسے تنقید کا نشانہ بناتی ہے۔