لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ( ن)کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 13جولائی کو ہر راستے ،ہر قافلے کا رخ ائیر پورٹ کی طرف ہوگا ، کارکن اور عوام مکمل طور پر پر امن رہ کر اپنے قائد کا استقبال کریں گے، نواز شریف کی وطن واپسی کے اعلان سے سیاسی مخالفین کے پسینے چھوٹ چکے ہیں اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈال ٹائون میں پارٹی رہنمائوں ،عہدیداران اور متحرک کارکنوں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال، سیاسی اموراور انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ رہنمائوں اور کارکنوںکو ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ،پاکستانی قوم نوازشریف کو سرآنکھوں پر بٹھا کر مقبولیت کی انتہا تک پہنچا چکی ہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا پر امن طریقے سے استقبال کرینگے ۔کارکنان ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جس سے شر پسند عناصر کو فائدہ اٹھانے کا موقع میسر آئے ۔