اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جمعہ کو اس سلسلے میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اس فنڈ کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان اور دیگر شیڈول بینکوں کی برانچوں میں رقوم جمع ہو سکیں گی۔ اس فنڈ میں مقامی اور بین الاقوامی ڈونرز سے عطیات کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے رقوم کی وصولی بھی کی
جا سکے گی۔ بیرون ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں رقوم وصول ہوں گی جن کی ترسیل سٹیٹ بینک آف پاکستان کو کی جائے گی۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس فنڈ کے تحت وصول ہونے والی رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں جمع ہونی چاہئیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق فنڈ کے اکاؤنٹس کو اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو اسلام آباد مینٹین کرے گا جبکہ اس کا انتظام سپریم کورٹ کے اگلے احکامات تک رجسٹرار سپریم کورٹ کے پاس رہے گا۔