لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء زعیم قادری نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ این اے 133 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے، پریس کانفرنس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق ان سے ملنے کے لیے آئے اور انہوں نے لیگی قیادت کا پیغام بھی زعیم قادری کو دیا،
خواجہ سعد رفیق نے انہیں پریس کانفرنس کرنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن زعیم قادری نے اس کے باوجود پریس کانفرنس کی اور کہا کہ میں حمزہ شہبازشریف کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا،میں سید ہوں،اولاد امام حسین ہوں،جان دے سکتا ہوں عزت نہیں دوں گا، انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیرنہیں ہے،تمہیں سیاست کرکے دکھاؤں گا۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے ناراضگی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 8اکتوبر 1999ء کو مسلم لیگ ن میں ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے عملی سیاست کا آغاز کیا۔انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہبازشریف نے 2008ء کے شروع میں فون پربتایا کہ صدرکو تمہاری شکل پسند نہیں اس لیے جنرل سیکرٹری کا عہدہ چھوڑ دو۔زعیم قادری نے کہا کہ میں نے کوئی دوسرا سوال نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برس میں وہ لوگ جوپارٹی میں نہیں تھے ان کووزراء بنایا گیا۔لیکن انہوں نے پارٹی کا کوئی دفاع نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے روزپانچ گھنٹے ٹی وی پراپنی سیاست اور جماعت کودفاع کیا۔انہوں نے اس موقع پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، اور کہا کہ میں جیت کر دکھاؤں گا۔