اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاکھوں فوجی و حاضر سروس پولیس اہلکار کم پڑ گئے، انتخابی ڈیوٹی کیلئے برطرف و معطل پولیس اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر حیدر آباد میں پولیس کی نفری میں کمی کی وجہ سے سنہ 2012ء میں معطل اور برطرف کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔دو روز قبل ایس ایس پی حیدرآباد احکامات پر
ساڑھے پانچ سو برطرف و معطل اہلکار پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کے لیے ضلع حیدرآباد میں پانچ ہزار نفری کی ضرورت ہے، ایک ہزار نفری میں کمی کے باعث معطل اور برطرف اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے۔برطرف اہلکاروں سے دو روز کے لیے ڈیوٹی لے کر آٹھ سو سے ایک ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ایس ایس پہ پیر محمد شاہ سے جب ان اہلکاروں کی بحالی کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بحالی کا کوئی امکان نہیں۔پولیس ہیڈ کوارٹر ڈی ایس پی محمد حسین جسکانی نے بتایا کہ طلب کیے جانے پر 242 ڈرائیورز اور تین سو سے زائد برطرف و معطل اہلکار ہیڈ کوارٹر آئے تھے جن سے اعدادوشمار حاصل کر کے لسٹ مرتب کی جا رہی ہے۔دوسری جانب معطل اور برطرف اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کو بلاوجہ معطل کیا گیا ہے اور ان کے گھروں میں فاقے چل رہے ہیں، تاہم پولیس افسران کی آپسی چپقلش نے ان کے گھروں کے چولہے بجھا دیئے ہیں۔برطرف اہلکاروں نے کہا کہ جب الیکشن کے وقت کام پڑا ہے تو انہیں بلا لیا گیا تھا وہ بھی دو روز کے لیے، جو ان کے خلاف سراسر زیادتی ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ برطرف اور معطل کیے جانے والے اہلکاروں کو جلداز جلد بحال کیا جائے۔