گوجرانوالہ(آئی این پی) تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں بااثر افراد نے مزدور کو الٹا لٹکا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پہلے تو پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتی رہی تاہم بعد میں میڈیا خبر نشر ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ امجد نامی مزدور کو الٹا لٹکا رکھا ہے اور ایک شخص رسی کو کھینچے کھڑا ہے جب کہ بااثر شخص شفیق مزدور پر ڈنڈوں سے تشدد کررہا ہے۔تشدد کے بعد مزدور کو ڈیرے پر ہی قید کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق رانا شفیق حال میں پی ٹی آئی میں
شمولیت کرنے والے رانا نذیر کا رشتہ دارہے ۔ مزدور امجد گزشتہ 8 ماہ سے رانا شفیق کے ڈیرے پرجانوروں کو چارہ ڈالنے کا کام کرتا ہے جب کہ تشدد کا واقعہ نوشہرہ ورکاں کے گاں سادھوگورائیہ میں واقع رانا شفیق کے ڈیرے میں پیش آیا۔پہلے تو ایس ایچ او عظیم کاہلوں نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کسی شخص یا رشتہ دار کی طرف سے ایسی کوئی درخواست نہیں آئی، تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تشدد کرنے والے رانا شفیق اور اس کے چچا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔