اسلام آباد(آئی این پی ) ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ،جاوید ہاشمی ،یونس حبیب اور دیگر کے بیانات رواں ہفتے قلمبند کرے گی ،یہ ٹیم سابق آرمی چیف اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کے بیانات ریکارڈ کر چکی ہے ،90کی دہائی میں آئی ایس آئی کی طرف سے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم کے الزام میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو اصفر خان کیس کی تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کرانےکی ہدایت کر رکھی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کیس کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے افسروں پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی قائم کر رکھی ہے ۔کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق ہیں جبکہ کمیٹی ارکان میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،ڈائریکٹر انٹرپول طارق نواز ملک۔ڈائریکٹر امیگریشن ڈاکٹر رضوان اور ڈائریکٹر لاء علی شیر جاکھرانی شامل ہیں۔ ڈائریکٹر پنجاب عثمان انور کمیٹی کے سیکرٹری کا کام کر رہے ہیں ۔کمیٹی اصغر خان کیس کے تمام کرداروں کو طلب کر کے ان کے بیانات ریکارڈ کرے گی جبکہ کیس سے متعلقہ ریکارڈ کی چھان بین کرے گی۔ کمیٹی اپنے کام سے متعلق ڈی جی ایف آئی اے کو باقاعدگی سے آگاہ کر رہی ہے۔(آچ)