کراچی (این این آئی)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی زندگی اور صحت سے متعلق ہمیں حکومت پاکستان، وزارت خارجہ اور امریکی جیل حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے اورکوشش کے باوجود پاکستانی اور امریکی حکام سے رابطہ نہیں ہوسکاہے جبکہ دو سال سے زائد عرصہ سے اہلخانہ عافیہ سے رابطہ سے محروم ہیں اس لئے عوام کسی افواہ پر
یقین نہ کریں اور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ جلد ہماری بہن کو مکمل عافیت کے ساتھ وطن واپس لانے والے حکمران عطافردے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکی پروٹوکول یہ ہے کہ سب سے پہلے فیملی کو اطلاع دی جاتی ہے اور اس کے بعدجس ملک کا باشندہ ہوتا ہے اس ملک کے قونصلیٹ یا سفارتخانہ کو اطلاع دی جاتی ہے۔ امریکہ میں پاکستانی قونصلیٹ عائشہ فاروقی سے بذریعہ ای میل رابطہ کرنے پر جواب آیا ہے کہ وہ پیر کے دن کنفرم کرسکیں گی۔ عافیہ کی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد اندرون و بیرون ملک سے ٹیلی فون کالوں کا تانتا بندھ گیا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ٹیلی فون، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیاکے ذریعے عافیہ کی خیریت دریافت کررہے ہیں اورمعصوم عافیہ کی واپسی کے بغیر امریکی قاتل کرنل جوزف کو چھوڑدینے پر شدید غم و غصہ اور افسوس کااظہارکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ سے متعلق افواہیں پھیلانے کا مقصد امریکی قاتل کرنل جوزف کی شرمناک واپسی پرشدید عوامی تنقید کا رخ موڑنا بھی ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ اطلاعات ہیں کہ غدار وطن شکیل آفریدی کو امریکہ کے حوالے کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اورہمارے غدار کو لے جانے کیلئے امریکی طیارہ مکمل تیاری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگوں کی دعائیں عافیہ کے ساتھ ہیں ۔ لوگوں کا عافیہ کے ساتھ والہانہ اظہار یکجہتی ہمارا یقین اور حوصلہ بڑھانے کا سبب ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ نے اپیل کی کہ عوام رمضان کی مبارک ساعتوں عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔