اسلام آباد ( آئی این پی) شیعہ علماء کونسل پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کوبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت معاملے کو بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھائے، سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کہتے ہیں مودی ایک دہشت گرد ہے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عسکری دہشت گردی کے بعد اب پاکستان پر آبی جارحیت مسلط کرنا چاہتاہے ۔
جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے،جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، او آئی سی کا اعلامیہ خوش آئند، اوآئی سی کو مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھانا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر آمداور کشن گنگا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں کے افتتاح پر اپنے شدید رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم مود ی ایک دہشت گرد ہے جس کے بھارت کے اندر اور مقبوضہ کشمیر میں اقدامات دنیا پر واضح ہیں، بھارت مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہاہے ایک طرف وہ نہتے اور معصوم افراد کو نشانہ بنارہاہے اور1947ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت جاری ہے تو دوسری جانب وہ پاکستانی پانیوں پر قبضہ کیلئے کشن گنگا ڈیم جیسے منصوبے بناکر آبی جارحیت مسلط کرنا چاہتاہے جوکہ سندھ طاس معاہدہ سمیت دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر فی الفور اجاگر کرنا ہوگا اور عالمی توجہ مبذول کرانا ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے جب تک مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں کے مطابق نہیں ۔
نکلتا پائیدار امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کو مزید موثر اور تیز کیا جائے انہوں نے فلسطینی عوام کے پرامن احتجاج کے دوران اسرائیلی سفاکیت کی بھی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلایاجانا احسن اقدا م ہے ، استنبول میں ہونیوالے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ کی حمایت کرتے ہیں البتہ ہم مطالبہ کرتے ہیں او آئی سی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے ۔