شہبازشریف نہیں بلکہ نوازشریف کی بات چلے گی،اس وقت الیکشن کا وقت نہ چل رہا ہوتا تو نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق بیان ۔۔۔! مشاہد اللہ خان نے بڑے دعوے کردیئے اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان نے پارٹی کے تاحیات قائداور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے
حالیہ ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پر کہا ہے کہ نواز شریف نے کوئی متنازع بیان نہیں دیا بلکہ لوگوں نے رائی کا پہاڑ بنایا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہداللہ خان نے کہا کہ اگر اس وقت الیکشن کا وقت نہ چل رہا ہوتا تو لوگوں نے نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق بیان کو اہمیت ہی نہیں دینی تھی ٗ مسلم لیگ (ن) کو دباؤ میں لانے کیلئے یہ صرف سیاسی ہتھکنڈے ہیں ۔نواز شریف اور شہباز شریف کے بیانیے میں تضاد سے متعلق لیگی رہنما نے کہا کہ بے شک شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے منتخب صدر ہیں تاہم ہماری پارٹی کے لیڈر اور تاحیات قائد صرف نواز شریف ہیں اور بیانیہ بھی صرف لیڈر کا ہی تسلیم کیا جاتا ہے اور نواز شریف کا بیانیہ ہی پارٹی کا بیانیہ ہے۔پاکستان پر بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوال پر مشاہداللہ خان نے کہاکہ عالمی لحاظ سے قرضوں میں پاکستان اس وقت 58 نمبر پر ہے یہاں تک کہ دنیا پر حکمرانی کرنے والے ملک بھی قرضے لیتے ہیں کیونکہ معیشت چلتی ہی قرضوں پر ہے اور ہم نے جو قرضے لیے ہیں وہ آپ کو ملک میں جگہ جگہ ترقیاتی کاموں کی صورت میں نظر بھی آرہے ہیں۔