اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی و خوشحالی لانے کے لیے جمہوری نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے ٗپاکستان مخالف قوتیں کبھی بھی ہمارے ملک میں سیاسی استحکام نہیں چاہتیں۔ایک انٹرویومیں رانا محمد افضل نے کہاکہ ووٹ کا تقدس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ بن چکا ہے،ہماری حکومت نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجز کو حل کیا اور ووٹ کو عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے اور لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت نے ملکی معاملات کو کسی تعطل کے بغیر چلانے کیلئے چھٹا مالی بجٹ پیش کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بہت قربانی دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں کبھی بھی ہمارے ملک میں سیاسی استحکام نہیں چاہتیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی شکایات پارلیمان اور نظام کے لیے اچھا اشارہ نہیں۔