اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک)چوہدری شجاعت حسین ایسے سیاستدان ہیں جن کے بغیر اگر یہ کہا جائے کہ پاکستانی سیاست کی کتاب نامکمل ہے تو بے جا نہ ہو گا۔ چوہدری شجاعت نے حال ہی میں پاکستانی سیاست اور ملک میں پیش آنے والے اہم واقعات سے اپنی کتاب ’’سچ تو یہ ہے‘‘میں اہم انکشافات کئے ہیں ۔ ان انکشافات میں اکبر بگٹی کے قتل کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے۔ گو اکبر بگٹی کے قتل پر تفصیل سے تو چوہدری شجاعت نے روشنی نہیں ڈالی مگر ضمناََ اس کا ذکر کرتے ہوئے ایک تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ میں نے اکبر بگٹی اور جنرل مشرف کی ملاقات کا بندوبست کیا لیکن یہ ملاقات عین وقت پر منسوخ ہو گئی جس کے بعد اکبر بگٹی کو قتل کر دیا گیا‘افتخار محمد چودھری کو چیف جسٹس میں نے بنوایا تھا‘ میں انہیں اپنے ساتھ ایوان صدر لے کر گیا تھا‘افتخار محمد چودھری نے جنرل مشرف اور طارق عزیز کو یقین دلایا وہ ان کے اعتماد پر پورے اتریں گے‘ یہ ان کےلئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے‘ جنرل مشرف مطمئن ہو گئے اور یوں افتخار محمد چودھری چیف جسٹس بن گئے۔