کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی نے کراچی میں مسلم لیگ نون کی وکٹ اڑادی،نواز لیگ کے رکن سندھ اسمبلی ہمایوں خان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپورکا کہنا ہے کہ ہمایوں خان کی شمولیت سے واضح ہوگیا کہ عوام کس پارٹی کے ساتھ ہیں آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی سمیت ملک بھرمیں کامیاب ہوگی۔ وہ کیماڑی میں نون لیگی رکن اسمبلی ہمایوں خان کی رہائشگاہ پران کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پرپریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔
اس موقع پرپیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو،سیکریٹری جنرل وقار مہدی،صوبائی وزراء سہیل انور سیال ،سعید غنی اورپیپلزپارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ رکن سندھ اسمبلی ہمایوں خان نے انکشاف کیا کہ میں آج سے دو سال پہلے فریال تالپور کے پاس گیا تھا اورتب سے پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کررہا ہوں ،یہ اتحاد کا سلسلہ اس وقت سے چلا اور آج تک قائم ہے، میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنے قافلے میں شامل کیا ہے میں اپنے حلقے کے لوگوں کی مشاورت سے پیپلزپارٹی میں شامل ہورہا ہوں۔ ہمایوں خان کی شمولیت کے موقع پر انکی رہائشگاہ پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس پرکارکنان نے بھرپورنعرے بازی کی اور جیئے بھٹو کے نعرے لگائے۔ ایم این اے فریال تالپورکا کہنا تھا کہ ہمایوں خان کی شمولیت سے پیپلزپارٹی کے قافلے میں مزید اضافہ ہوگا،اب ہم ہر گلی میں دیکھیں گے اور پورے شہر میں لوگ دیکھیں گے کہ پیپلزپارٹی کراچی میں آگے بڑھ رہی ہے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتی ہوں۔ فریال تالپورنے کہاکہ ہمایوں خان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت مبارکباد دیتی ہوں جمہوریت کا یہ قافلہ چلتا رہیگا ،کراچی سے پنجاب خیبر پختون خواہ میں لوگ پیپلزپارٹی کوجوائن کررہے ہیں،ہمایوں خان بھی ہمارے ساتھ ایک ورکر کی طرح چلے گا اوریہ پیپلزپارٹی کا اہم حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں کیماڑی میں ہماری رہائش رہی ہے ،پیپلزپارٹی نے کراچی کی خدمت کی ہے،
اس ملک کے لوگوں کی ہم نے خدمت کی ہے اور کرتے رہینگے انہوں نے کہاکہ گھوٹکی کے ضمنی الیکشن نے بتا دیا لوگ کس کے ساتھ ہیں،عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں اوریہ آئندہ انتخابات میں ثابت ہوجائے گا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی کے دعویداروں نے کراچی کی عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے اور شہرمیں اپنے لوگوں کو مروایا ، ہم نے کوشش کی کراچی آزاد ہو اور آج کراچی آزادی سے سانس لے رہا ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ نہیں کرنا چاہتی بلکہ وہ عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ کراچی کے عوام ماضی میں ڈر اور خوف سے اپنے فیصلے آزادانہ نہیں کرسکتے تھے اب عوام ڈر اورخوف سے نکل چکے ہیں۔ ایم کیو ایم کے لوگ خود انکشافات کر رہے ہیں اور ان کے پول کھول رہے ہیں۔
لوگوں کو پتہ چل رہا ہے کہ ایم کیو ایم اس شہر میں کیا کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی سندھ سمیت پورے ملک کے عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیکر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، ملک میں جب بھی انتخابات کا سال آتا ہے تو سندھ میں عوام کے مسترد کردہ لوگ مختلف ناموں سے اتحاد بنا کر پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرتے ہیں، لیکن سندھ کے عوام ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد کو مسترد کر دیتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، جس کی مثال ضمنی انتخابات ہیں، آئندہ انتخابات میں بھی سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دیں گے اور سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ بھی پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا۔