لنڈیکوتل (این این آئی) پاک افغان سرحد طورخم پر دو طرفہ تجارت کیلئے کسٹم وی باک آن لائن پالیسی پر مکمل عملدرآمد شروع ہوچکی ہے، آن لائن سسٹم کے ذریعے تجارتی سامان کی کلیئرنس اور اندراج سے تجارت کو فروغ اور بے قاعدگیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے گی ،گزشتہ ہفتہ کے دوران 1500 مال بردار گاڑیاں آن لائن سسٹم کے ذریعے کلیئر کی گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد طورخم پر کسٹم حکام نے دوطرفہ تجارت کو جدید کسٹم آن لائن سسٹم کے ذریعے کلیئر کرنے
اور اندراج پالیسی کو مکمل طور پر نافذ کیا ہے ۔12مارچ کے بعد سے افغانستان کیساتھ درآمدات اور برآمدات کو آن لائن سسٹم کے ذریعے کلیئر کیا جاتا ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق جدید سسٹم کیلئے طورخم ٹرمینل میں کلیئرنس ایجنٹس کی سہولیات کیلئے کسٹم عملہ نے 10عدد کمپیوٹر سسٹم اور 8 ایم بی انٹرنیٹ فراہم کیا ہے۔انٹرنیٹ کاماہانہ دو لاکھ روپے بل کسٹم اورنیشنل لاجسٹک سیل مشترکہ طور پر ادا کرتے ہیں،اس کے علاوہ کسٹم عملہ میں بھی اضافہ کیاگیا ہے جبکہ بجلی کی سہولت کو بھی این ایل سی نے مہیا کیا ہے جدید سسٹم کے متعلق طورخم نجی کسٹم کلیرنس ایجنٹس کی تربیت کے لئے کسٹم حکام نے ماہرین کے تعاون حاصل کیا ہے۔۔ کسٹم ریکارڈ کے مطابق 12 مارچ سے 19مارچ تک 1500مال بردار گاڑیاں وی باک آن لائن سسٹم کے ذریعے کلیر کی گئی ہیں ۔اس سلسلے میں جب کلیئرنس ایجنٹس کی رائے معلوم کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایجنٹس کو جدید سسٹم کے حوالے سے ٹریننگ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جدید پالیسی میں پاکستانی ٹرکوں کو افغان ڈرائیورزکے چلانے اور افغان ٹرکوں کو پاکستانی ڈرائیورزکے چلانے پر پابندی ہے جس کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں کو بحال رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایجنٹس نے بتایا کہ کسٹم عملہ میں مزید اضافہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل کسٹم کلکٹر ضیاء اللہ شمس نے کہا کہ وی باک کسٹم کی جدید سسٹم ہے
اور یہ پالیسی ملک کے تمام سرحدات پر نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم سے کلیئرنس میں تمام بے قاعدگیوں کا سدباب ممکن ہوجائیگا اور افغانستان کیساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلیئرنس ایجنٹس کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں ۔