پشاور(این این آئی)حکومت خیبرپختونخوا نے تما م سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ فائل ٹریکنگ سسٹم(FTS) کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ سرکاری امور تیزی اورموثر طورپر نمٹائے جاسکیں۔ فائل ٹریکنگ سسٹم سے دفاتر میں تاخیری حربے روکنے میں مدد ملے گی۔ پی ایم اینڈآر یو کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیاہے کہ انتظامی محکمے اپنے متعلقہ اداروں میں ایف ٹی ایس کے آپریشن کو یقینی بنانے کے ذمہ دارہوں گے
جبکہ درخواست گذاریا فائل کے مالک کو کمپیوٹرائزڈ بار کوڈ الاٹ کیا جائیگا۔ تمام صوبائی محکموں کو مقررہ وقت میں اس کو نمٹانے کا پابند بنایا گیاہے۔درخواست دہندہ کو درخواست یافائل پر ہونے والی کارروائی کی اطلاع وقتاً فوقتاً اس کے موبائل فون پر موصول ہواکریگی۔تمام درخواستوں اورفائل کا ٹریک ریکارڈ ومانیٹرنگ پی ایم آر یو میں جدید نظام کے تحت ہوگا۔ نیز درخواست پر تا خیر سے کارروائی کرنے والے محکموں سے وضاحت طلب کی جاسکے گی۔