اسلام آباد(این این آئی)سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حالت زار کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے تحریری طور پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس کی استدعاکر دی۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط بھجوا دیاہے۔ انہوں نے خط میں جیف جسٹس سے کہا ہے کہ لاکھوں شہری رزق کی تلاش میں سعودی عرب میں مقیم ہیں،رزق کی تلاش میں مصروف لاکھوں پاکستانی سنگین نوعیت کی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان پاکستانیوں کے مسائل میں
حکومت کی عدم دلچسپی صورتحال میں سنگین ابتری کو جنم دے رہی ہے۔گزشتہ چار برس کے دوران میں نے پارلیمان سے لے کر حکومت کے ایوانوں تک ہر جگہ یہ معاملہ اٹھایا لیکن حکومت کو جھنجھوڑنے کی میری کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔ستم ظریفی تو یہ ہے کہ وزارت خارجہ کے پاس سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حقیقی تعداد اور کوائف تک دستیاب نہیں۔حکومت ابتداً جھٹلاتی رہی کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔اب حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ ایک ہزار سے کچھ زائد پاکستانی سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہیں۔ اس کے ساتھ کو سعودی عرب میں اقامہ کی تجدید کا مسئلہ درپیش ہے۔ دستاویز کی عدم تجدید کے باعث پاکستانیوں کیلئے آزادانہ انداز میں مزدوری میں بھی دشواریوں کا سامناہے۔پاکستانی مزدوروں کو اجرت میں نارواء کٹوتی جیسے ظالمانہ اور سنگین مسئلے کا بھی سامنا ہے۔ حکومتِ پاکستان کا اس سلسلے میں رویہ بھی انتہائی مایوس کن اور ناقابل فہم ہے۔حکومتِ اسے آجر اور آجیر کے مابین معاملہ قرار دے کر اپنا پیچھا چھڑوانے کی کوشش کرتی ہے۔ بھارتی حکومت اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سعودی حکام کے ساتھ لیبر پروٹیکیشن ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے چکی ہے۔باعث تشویش امر تو یہ ہے کہ حکومت پاکستانی شہریوں کو قانونی معاونت/مشاورت فراہم کرنے سے بھی قاصر ہے۔
سعودی کفیلوں کی جانب سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو ایگزٹ کنٹرول نظام کے تحت مختلف الزامات کی پاداش میں ”مطلوب”کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔یہ پاکستانی شہری سعودی عرب سے وطن واپس آنے سے بھی مکمل طور پر قاصر ہیں۔حکومتِ پاکستان اس سلسلے میں بھی کوئی خاطر خواہ قدم اٹھانے کو تیار دکھائی نہیں دے رہی۔آپ سے التماس ہے کہ آئینِ پاکستان کی دفعہ 184/3کے تحت عدالتِ عظمی کو حاصل اختیار بروئے کار لائیں اور اس خط کو آئینی درخواست کا درجہ دیں۔اور حکومت پاکستان اور اس کے ذیلی اداروں سے پاکستانیوں سے متعلق جامع حقائق طلب کریں۔مشکلات میں گھرے لاچار پاکستانی شہریوں کے حقوق اور مستقبل کے تحفظ کیلئے موزوں احکامات صادر کریں۔