میرپور(این این آئی)جمعیت علماء جموں وکشمیر کے صدر،جماعت اہل سنت پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین و آستانہ عالیہ فیض پور شریف کے سجادہ نشین حضرت مولانا پیر محمد عتیق الرحمن حرکت قلب بند ہونے سے وصال فرما گئے،آپ کی عمر 60 سال تھی،آپ پاکستان و آزادکشمیر کے دینی ، سیاسی و سماجی حلقوں میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے،ان کا شمار علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی ؒ اور مولانا عبدالستار خان نیازی ؒ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
آپ تین بار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور زکواۃ و اوقاف کی وزارت کے منصب پر بھی فائز رہے ،آپ نے اپنی زندگی دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کو بے نقاب کرنے کیلئے وقف کر رکھی تھی،علالت کے باعث ڈاکٹروں نے آپ کو خطاب کرنے سے منع کیا ہوا تھالیکن اس کے باوجود آپ نے عقیدہ ختم نبوت کے اجتماعات کا انعقاد و خطاب آخری سانسوں تک جاری رکھا آپ نے تین روز قبل بھی جمعیت علماء جموں وکشمیر کے زیر اہتمام کوٹلی میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا،میرپور میں قیام گاہ پر اتوار کی صبح اچانک طبیعت خراب ہوئی تو انہیں جماعت اہل سنت جموں وکشمیر کے ناظم اعلیٰ و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل آزادکشمیرمولانا سید غلام یاسین شاہ گیلانی ، حافظ زاہد رضا کشمیر انسی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سنٹر میرپور لاگے جہاں چند ہی منٹوں کے بعد صبح 8 بجے کے قریب وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے،آپ کے وصال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور میرپور شہر و گردونواح سے عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی جہاں سے آپ کے جسد خاکی کو سیکٹر ایف ٹو میرپور یالاگیا جہاں غسل مبارک دینے کے بعد آپ کے جسد خاکی کو آستانہ عالیہ فیض پور شریف سرکاری پروٹوکول کے ساتھ روانہ کیا گیا جسد خاکی کے ہمراہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد بھی گئی ، قافلے میں شامل عقیدت مند با آواز بلند درود وسلام کے نذرانے پیش کررہے تھے ۔
جبکہ راستے میں جگہ جگہ آپ کے تابوت پر گل پاشی کرتے ہوئے عقیدت مند ایمبولینس سے لپٹ کر زار وقطار روتے رہے ،آپ کی نماز جنازہ کل بروز پیر نماز ظہر کے بعد دو (2)بجے آستانہ عالیہ فیض پور شریف میں ادا کی جائے گی،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزراء حکومت اورپاکستان و آزادکشمیر سے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان بھی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آستانہ عالیہ فیض پور شریف پہنچ رہے ہیں۔پیر محمد عتیق الرحمان کا جسد خاکی جب ڈھانگری فیض پور شریف پہنچا توعلاقہ بھرمیں کہرام مچ گیا۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ پیرعتیق الرحمان کے دیدار کرکے دورد وسلام پڑھتے رہے ۔