لاہور/رائے ونڈ( نیوزڈیسک) رائے ونڈ اجتماع گاہ کے قریب دھماکے کے فوری بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ اس سلسلہ میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں کے باہر سکیورٹی اور پیٹرولنگ بڑھا دی گئی ۔
ریلوے سٹیشن اور بس اسٹینڈز سمیت دیگر پبلک مقامات پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات اہلکاروں کو چوکنا رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آنے جانے والے گاڑیوں کی جامع تلاشی کے احکامات جاری کئے گئے۔رائے ونڈ اجتماع گاہ کے قریب دھماکے کی اطلاع کے فوری بعد سرکاری ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ محکمہ صحت کی جانب سے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو ٹیلیفون کر کے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ادویات کے ذخیرے سمیت ہر طرح سے تیار رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔رائے ونڈ میں ہونے والے دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔عینی شاہدین کے مطابق اچانک زور دھماکے کی آواز سنائی دی جس سے خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی افراد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے بلا تاخیر جائے وقوعہ کی طرف دوڑ پڑے ۔ رائے ونڈ کے قریب دھماکے سے 4 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیس چیک پوسٹ کے نزدیک ہونے والے دھماکے میں 4 افراد شہید جبکہ اے ایس پی اور پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس سے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیاگیا،دھماکے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔