اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی میں اتحاد، ٹیکنوکریٹ سیٹ پر قومی وطن پارٹی نےجبکہ خواتین نشست پر پی ٹی آئی نے قومی وطن پارٹی کی امیدوار انیسہ زیب کو منتخب کرانے کا یقین دلادیا۔ نجی ٹی وی نائنٹی ٹو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی میں اتحاد ہو گیا ہے اور ٹیکنوکریٹ سیٹ پر
قومی وطن پارٹی نے جبکہ خواتین نشست پر پی ٹی آئی نے قومی وطن پارٹی کی امیدوار انیسہ زیب کا ساتھ دے گی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کے اتحاد سے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر پی ٹی آئی امیدوار اعظم سواتی اور جمعیت علمائے اسلام(س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے سینیٹر بننے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق سینٹ انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں مگر تحریک انصاف مولانا سمیع الحق کو سپورٹ کر رہی ہے۔ قومی وطن پارٹی کے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد سے پیپلزپارٹی کو بھی شدید دھچکا پہنچا ہے اور خواتین کی نشست پر جو پہلے امید کی جا رہی تھی کہ پیپلزپارٹی کی امیدوار منتخب ہو جائیں گی تو نئی صورتحال میں قومی وطن پارٹی کی انیسہ زیب کے سینیٹر منتخب ہونے کے چانسز بڑھ گئے ہیں۔خیال رہے کہ آج پاکستان میں ایوان بالا سینٹ کیلئے انتخابات ہو رہے ہیں جس میں حکمران جماعت سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن جاری ہونے سے پہلی بار سینـٹ کے الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی جبکہ اس کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد امیدوار اب حمایت یافتہ امیدواروں میں تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔