اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ آف پاکستان میں غیرمعیاری اسٹنٹس کیس کی سماعت ، ڈاکٹرز کی کمیٹی نے رپورٹ پیش کر دی، اب3لاکھ روپے کا اسٹنٹ ایک لاکھ روپے میں دل کے مریضوں کو ڈالا جائے گا، چیف جسٹس نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشخبری سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں غیر معیاری اسٹنٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر بنائی گئی ڈاکٹرز کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ دوران سماعت ڈاکٹر اظہر کیانی نے عدالت کو بتایا کہ دل میں اسٹنٹ ڈالنے کا
کل خرچ ایک لاکھ روپے ہوگا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میرے لئے تو رپورٹ خوشخبر ی ہے، 3لاکھ کا خرچ ایک لاکھ تک لانا معجزہ ہے،جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرکیانی نے بہت سے لوگوں کی جان بچائی۔چیف جسٹس آف پاکستان نے استفسار کیا کہ کمیٹی کی تجاویزپرکسی کواعتراض ہے؟،چیف جسٹس ثاقب نثار نے کمیٹی رپورٹ ڈریپ،صوبائی وزارت اطلاعات اور نیشنل ہیلتھ کوبھجوانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے 10روزمیں کمیٹی رپورٹ پررائے دیں۔