لاہور( این این آئی )وفاقی وزیردفاع خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ پاکستان نے ضرب عضب اورردالفساد آپریشنز کے ذریعے دہشتگردوں کے تمام نیٹ ورک تباہ کر دیئے ہیں ،افغان پناہ گزینوں کی فوری واپسی کے خواہشمند ہیں ،افغانستان میں بھارت کی موجودگی پر گہری تشویش ہے اور پاکستان اس کا واضح اظہار کرتا ہے ۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے باڑ لگا کر سرحدی انتظامات پر کام کررہاہے ۔
پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور پاکستان نے اس کیلئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستان نے ضرب عضب اورردالفساد آپریشنز کے ذریعے دہشتگردوں کے تمام نیٹ ورک تباہ کر دیئے ہیں ،یہاں دہشتگردوں کے کوئی ٹھکانے نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کئی سالوں سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے ،اب ہم ان کی فوری واپسی کے خواہشمند ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں بھارت کی موجودگی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے ۔