اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نقیب اللہ قتل کیس میں رائو انوار نے آئی جی سندھ کی جانب سے طلب کئے جانے پر تحقیقاتی کمیٹی کے بعد ان کے سامنے بھی پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود قتل کیس میں معطل ایس ایس پی رائو انوار نے تحقیقاتی کمیٹی کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے طلب کرنے پر بھی ان کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ آج سارا دن اپنے ماتحت سے ملاقات کیلئے اپنے آفس میں اس کی راہ تکتے رہے مگر رائو انوار پیش نہ ہوئے۔ رائو انوار کا تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے سے متعلق بھی بیان سامنے آگیا ہے جس میں رائو انوار کا کہنا ہے کہ ایسی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کیا فائدہ جس سے مجھے انصاف کی توقع ہی نہیں۔ دوسری جانب نقیب اللہ محسود کے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد اس کی تدفین کے بعد آج کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب محسود قبیلے کا جرگہ بھی ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کا مقدمہ درج کروایا جائے گا جو کہ ان کے اہل خانہ کی کراچی واپسی کے بعد ان کی مدعیت میں درج کرایا جائے گا۔