اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) میں جب عمرے پر گیا تو میرے بچے میرے بھائیوں کے پاس تھے، ہم جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتے ہیں،بجائے سانحہ پرہمدردی یا تعزیت کی جائے، غلط قسم کے بیانات جاری کئے جا رہے ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے صرف یہ کہوں گا کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے،زینب کے والد کا وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر
کے بیان پر شدید ردعمل ۔ تفصیلات کے مطابق قصور کی ننھی زینب کے والد محمد امین انصاری نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی جانب سے زینب قتل پر غیر ذمہ دارانہ بیان اور والدین پر سوالات اٹھانے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا بیان حقیقت کے بالکل منافی ہے۔ میں اپنی اہلیہ کے ساتھ جب عمرے پر گیا تو میرے تمام بچے میرے بھائیوں کے پاس تھے کیونکہ ہم جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتے ہیں لہٰذا بچوں کے حوالے سے ہمیں عمرے پر جانے سے قبل کوئی مسئلہ نہیں ہوا ، گھر اور بچوں کی ذمہ داریاں مشترکہ طور پر نبھائی جاتی ہیں۔امین انصاری نے فاروق حیدر کے لگائے گئے الزامات اور اٹھائے گئے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے۔ شاید ان لوگوں کی بیٹیاں یا بچے نہیں تبھی یہ ایسی باتیں کرتے ہیں بجائے اندوہناک سانحہ پر ہمدردی یا تعزیت کی جاتی الٹا اس قسم کے غلط بیانات جاری کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے زینب قتل پر اپنے بیان میں انتہائی غیر ذمہ دارانہ لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہاتھا کہ زینب کے والدین سے سوال پوچھا جائے کہ وہ زینب کو کس کے حوالے کر گئے تھے ، جب وہ قرآن پڑھنے جاتی تھی تو اسے چھوڑنے اس کے ساتھ کون جایا کرتا تھا۔ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ والدین اپنا زیور
تو دس الماریوں میں چھپا کر عمرے پر گئےان سے سوال پوچھا کہ وہ زینب کو کس کے حوالے کر کے عمرے پر گئے تھے۔