اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں کو کرپشن کہنے پر مذہبی سکالر نے نواز شریف کی بات کو حرام قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں کو کرپشن کہنے پر معروف عالم دین مفتی زبیر نے نواز شریف کی بات کو حرام اور ناجائز قرار دے دیا، مذہبی سکالر مفتی زبیر نے عمران خان کی تیسری شادی کی
خبروں کو کرپشن کہنے پر کہا کہ شادی ایک ذاتی معاملہ ہے، یہ کرپشن نہیں ہے، شادی کو کرپشن کہنا بھی حرام ہے اور شادی کو سیاست میں نہیں لانا چاہیے۔ مفتی زبیر نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مراد شادی کرنے کو برا کہنا ہے تو یہ نہایت ہی غلط، ناجائز اور حرام بات ہے اگر کوئی شادی کرتا ہے تو رسول اکرمؐ نے اس کے لیے برکت کی دعا فرمائی ہے۔ دوسری، تیسری یا چوتھی شادی کو کرپشن کہیں یا اسے برا کہیں تو یہ شرعاً بالکل ناجائز اور حرام ہے۔