اسلام آباد (آن لائن ) تحریک انصاف نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حالت زار پر چیف جسٹس آف پاکستان سے از خود نوٹس کی درخواست کردی تحریک انصاف نے پاکستانیوں کو درپیش مصائب کی تفصیلات خط کی شکل میں چیف جسٹس کو ارسال کی ہیں،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی شہریوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی آئینی تقاضہ
ہے، حکومت سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہوتو سپریم کورٹ محاسبے کا اختیار رکھتی ہے،سعودی عرب کے قید خانوں میں ہزاروں پاکستانی حکومتی عدم توجہی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، پاکستانی مزدوروں کی اجرت میں سے ظالمانہ کٹوتیاں کی جاتی ہیں،،بھارتی حکومت اپنے محنت کشوں کے تحفظ کیلئے سعودی حکومت سے لیبر پروٹیکشن ایگریمنٹ کر چکی ہے، تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں مراد سعید کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت محنت کش پاکستانیوں کو قانونی معاونت تک فراہم کرنے کو تیار نہیں ہے ،مختلف الزامات کی آڑ میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سے وطن واپسی کا حق بھی چھینا جارہا ہے،حکومتی اہلیت کا عالم یہ ہے کہ وزارت خارجہ کو سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کی حقیقی تعداد تک کا علم نہیں، چیف جسٹس سے التماس ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مداخلت کریں،،خط کو آئینی درخواست کا درجہ دیکر مفاد عامہ کی خاطر کارروائی کا آغاز کریں،حکومت اور اسکے اداروں سے انکی کارکردگی سے متعلق تفصیلات طلب کی جائیں،خط میں چیف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے کہ روزگار کی تلاش میں دیار غیر میں محنت کرنے والے پاکستانی شہریوں کے سر پر ہاتھ رکھیں،انہیں سنگین مصائب سے نکالنے کیلئے وفاقی حکومت کو فوری اور مؤثر احکامات صادر کریں۔