اسلام آباد (آئی این پی)پانامہ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی منی ٹریل کی تحقیقات کیلئے برطانیہ جانے والے نیب افسروں کی عوامی مسلم لیگ کے ارکان سے ملاقات، عوامی مسلم لیگ کے ارکان نے نیب افسروں کی برطانیہ میں مقامی ریسٹورنٹ میں دعوت کی۔ منگل کو ذرائع کے مطابق پانامہ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف شواہد حاصل کرنے کیلئے برطانیہ جانے والی
نیب کی دو رکنی ٹیم نے عوامی مسلم لیگ کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمران ڈوگر اور ان کے معاون سلطان نذیر کو برطانیہ میں عوامی مسلم لیگ کے ارکان نے مقامی ریسٹورنٹ میں کھانے کی دعوت دی اور نیب افسران نے عوامی مسلم لیگ کے ارکان کی دعوت پر کھانا کھایا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی اجازت سے نیب کی دو رکنی ٹیم برطانیہ گئی تھی جس نے پانامہ کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف برطانیہ کے متعلقہ اداروں کی معاونت سے کچھ ریکارڈ بھی حاصل کرنا تھا۔