اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین کی نااہلی سے خالی ہونیوالے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق اس حلقہ میں پولنگ 12 فروری کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 26 سے 28 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال 5 جنوری کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے
جانے کے خلاف اپیلیں 9 جنوری جبکہ ایپلٹ ٹریبونل کی جانب سے ان پر فیصلہ 15 جنوری کو کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 جنوری جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 18 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ریجنل الیکشن کمشنر ساہیوال سید حماد اعجاز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لودھراں ابرار احمد جتوئی کو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا ہے۔