لاہور (این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ اب عمران خان کو وزیراعظم بننے سے کوئی روک سکتا ہے تو روک لے، کیس عمران خان نہیں21کروڑ عوام نے جیتا، سپریم کورٹ نے عمران
خان کے صادق اور امین ہونے پر مہر ثبت کی، جہانگیر ترین کا پانامہ مافیا کے ساتھ موازنہ زیادتی ہے، جہانگیر ترین کا مقدمہ تحریک انصاف لڑے گی، (ن) لیگ نظر ثانی اپیل کے بعد مٹھائیاں بانٹے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ پوری دنیا عمران خان کے جو صادق اور امین قرار دیتی تھی اس پر ملک کی سب سے بڑی عدالت نے مہر ثبت کردی، یہ مقدمہ درحقیقت عوام کا مقدمہ تھا اسلئے یہ کیس عمران خان نہیںملک کے21کروڑ عوام نے جیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد قوم کا عمران خان پر اعتماد بڑھا ہے اب عمران خان کو کوئی وزیراعظم بننے سے روک سکتا ہے تو روک لے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ جہانگیر ترین کا پانامہ مافیا کے ساتھ موازنہ زیادتی ہے، جہانگیر ترین کا مقدمہ تحریک انصاف لڑے گی، ن لیگ نظر ثانی اپیل کے بعد مٹھائیاں بانٹے۔ ایک اور سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ دانیال عزیز، طلال چودھری اور دیگر حواریوں کی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید صرف اپنی دکانداری بند ہونے پر ہے، آنے والا وقت بتائے گا کہ ان حواریوں کی جعلی لیڈر سمیت سیاست ختم ہو چکی ہے۔