اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان نا اہلی کیس ، سپریم کورٹ کے باہر ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع، ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی، تصادم کا خطرہ، صورتحال کشیدہ، پولیس کی
بڑی تعداد کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم، ممکنہ احتجاج اور تصادم کی صورت میں کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نا اہلی کیس کا فیصلہ آج سپریم کورٹ میں سنائے جانے کا امکان ہے ۔ اس وقت سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تحریک انصاف اورن لیگ کے وکلا و سیاسی رہنمائوں کے ساتھ کمرہ عدالت نمبر ا میں موجود ہے اور فیصلہ کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر حالات کشیدہ ہو چکے ہیں اور ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد اس وقت سپریم کورٹ کے باہر موجود ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے پولیس کی بڑی تعداد کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا ہے ممکنہ احتجاج اور تصادم کی صورت میں کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ہے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی جس کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔